news
ایما واٹسن کی اسرائیلی جارحیت کی مذمت
برطانیہ کی معروف اداکارہ اور ہیری پوٹر سیریز کی ہرمیون گرینجر، ایما واٹسن نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی ہے۔ ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ایما واٹسن نے انکشاف کیا کہ جب انہوں نے 2022 میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا تھا، تو انہیں “یہود دشمن” قرار دے کر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ ایما نے کہا کہ یہ رویہ ان کے لیے حیران کن تھا کیونکہ وہ محض انسانیت کی بات کر رہی تھیں۔ ان کے مطابق، انہیں یہودی مخالف کہنا دراصل اس بات کی کوشش تھی کہ لوگ اسرائیلی مظالم اور فلسطینی نسل کشی کے خلاف آواز بلند نہ کریں۔ ایما واٹسن نے واضح کیا کہ اب تک 50 ہزار سے زائد فلسطینی، جن میں 17 ہزار بچے بھی شامل ہیں، جاں بحق ہو چکے ہیں اور یہ پوری دنیا کے لیے ایک بڑا المیہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حماس کے حملوں میں جاں بحق ہونے والے اسرائیلی شہریوں پر بھی تشویش ہونی چاہیے، مگر فلسطینیوں کے خلاف جاری مظالم اور نسل کشی کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ “یہود دشمنی” اور “فلسطینیوں کی نسل کشی پر تنقید” کو ایک جیسا قرار دینا غلط ہے، اور انسانیت کا تقاضا ہے کہ دونوں معاملات پر کھل کر بات کی جائے۔ ایما واٹسن نہ صرف ایک عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ہیں بلکہ سماجی اور انسانی حقوق کے مسائل پر ہمیشہ جرات مندانہ مؤقف رکھنے کے لیے جانی جاتی ہیں۔