news
کراچی یونیورسٹی نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری منسوخ کر دی
کراچی یونیورسٹی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ایل ایل بی ڈگری منسوخ کرتے ہوئے ان پر 3 سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔ کراچی یونیورسٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ طارق محمود کبھی بھی اسلامیہ لاء کالج کراچی کے باقاعدہ طالبعلم نہیں تھے، اور ان پر غیر منصفانہ ذرائع استعمال کرنے کا الزام ہے۔
یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ اب وہ تین سال تک کسی بھی یونیورسٹی یا کالج میں نہ داخلہ لے سکیں گے اور نہ ہی امتحان دے سکیں گے۔
دوسری جانب، سندھ ہائی کورٹ نے جسٹس طارق محمود کی ڈگری سے متعلق دائر ساتوں درخواستیں عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دی ہیں۔ عدالتی فیصلے کے مطابق، درخواست گزار وکلا دلائل دیے بغیر عدالت سے چلے گئے اور سماعت کے دوران نعرے بازی کر کے عدالتی وقار کو مجروح کیا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ جسٹس طارق محمود نے باوقار انداز میں عدالت سے گفتگو کی لیکن اپنی فریق بننے کی درخواست پر بحث نہیں کی۔ عدالت نے صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے وکلا کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہیں کی، تاہم واضح کیا کہ عدالتی کارروائی وکلا کی خواہش کے مطابق نہیں چلائی جا سکتی۔