news
ڈی جی آئی ایس پی آر کا پنجاب یونیورسٹی کا دورہ
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پنجاب یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا جہاں انہیں طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ و طالبات سے ایک خصوصی نشست میں شرکت کی، جس میں وطن سے محبت، پاک فوج کی قربانیوں، اور ہائبرڈ وار فیئر، فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی۔
طلبہ نے پاک فوج کی خدمات کو سراہتے ہوئے دفاع وطن میں فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور دیگر فیکلٹی اراکین کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں قومی یکجہتی، سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا اور تعلیم کے کردار پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ اس طرح کے سیشنز سے نوجوان نسل کو قوم دشمن عناصر کی چالوں کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے اور وہ ملکی سلامتی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنتے ہیں۔ یونیورسٹی کا ماحول قومی جذبے سے بھرپور دکھائی دیا اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی موجودگی نے طلبہ کو نیا حوصلہ دیا۔