news
شکیل صدیقی کی فیملی ولاگنگ پر تنقید
معروف مزاح نگار اور اداکار شکیل صدیقی نے حالیہ پوڈکاسٹ گفتگو میں پاکستان میں بڑھتے ہوئے فیملی ولاگنگ کے رجحان پر سخت تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تفریح کے نام پر ماؤں اور بہنوں کی غیر ضروری نمائش کی جا رہی ہے، جو اخلاقی حدود کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خاتون کو گھر کے کچن میں کھانا بناتے ہوئے دکھایا جائے تو یہ بات قابل قبول ہے، مگر موجودہ ولاگنگ اس سے بہت آگے نکل چکی ہے۔ انہوں نے ذاتی تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کا 12 سالہ بیٹا بھی یہ ولاگز دیکھتا ہے، جس پر وہ سخت پریشان ہوتے ہیں اور اس کے موبائل فون کا استعمال محدود کر دیتے ہیں۔ شکیل صدیقی نے پاکستانی فلم انڈسٹری کے زوال پر بھی بات کی اور کہا کہ اگر کراچی کو شروع سے سینٹر بنایا جاتا تو حالات مختلف ہوتے۔ ناقص ڈبنگ اور غیر پیشہ ورانہ پروڈکشن کو انہوں نے انڈسٹری کی تباہی کی بڑی وجوہات میں شمار کیا۔ انہوں نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ پاکستان میں کامیڈینز کی عزت نہیں ہوتی، اور کہا کہ انہیں اپنے وطن سے بے پناہ محبت اور عالمی سطح پر مواقع ملے۔ انہوں نے آخر میں اعتراف کیا کہ کیریئر کے کچھ فیصلے، خاص طور پر ٹی وی پر معیار سے ہٹ کر کام، مجبوری میں کیے گئے۔