news
اسد قیصر: 27 ستمبر کا جلسہ ہائبرڈ نظام کے خاتمے کی بنیاد ہوگا
پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو ہونے والا تاریخی جلسہ ملک میں رائج ہائبرڈ نظام کے خاتمے اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبائی صدر جنید اکبر، جنرل سیکرٹری علی اصغر خان، ضلع پشاور کے صدر عرفان سلیم اور جنرل سیکرٹری خورشید عالم کے ہمراہ فارم 45 کے مطابق منتخب ایم پی اے کامران خان بنگش اور ایم این اے آصف خان کی نگرانی میں منعقدہ ورکرز کنونشن میں شرکت کی۔ اسد قیصر نے کہا کہ پشاور کے کارکنان نے ہمیشہ تحریک انصاف کے بیانیے کا ساتھ دیا ہے اور 27 ستمبر کا جلسہ بھی عوامی حمایت سے تاریخ رقم کرے گا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے انصاف کے لیے ہر دروازہ کھٹکھٹایا، لیکن دروازے بند ہی ملے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ ہماری آخری امید ہے، اگر کیسز نہ سنے گئے تو عوام کا اعتماد ختم ہوگا۔ ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے وکلا سے عدلیہ کی آزادی کے لیے تحریک شروع کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ مضبوط عدلیہ ہی جمہوریت کو تحفظ دے سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وکلا اور عدلیہ کی تاریخی جدوجہد آئین اور قانون کی بالادستی کی ضامن ہے۔ بیرسٹر گوہر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں متعدد کانفرنسز ہوئیں لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا، اور الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھی عملدرآمد نہیں ہو سکا، کیونکہ کسی بھی سیاسی جماعت نے پی ٹی آئی کے سوا بروقت پٹیشن دائر نہیں کی۔