news
بحرِ ہند میں اسٹریٹیجک صف بندی
لاہور میں پاکستان نیوی وار کالج میں میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلینس کے زیرِ اہتمام ’’بحرِ ہند کے خطے میں اسٹریٹیجک صف بندی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ دوسری کانفرنس میں سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل (ر) زبیر محمود حیات نے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ بھارت کو کسی قسم کے ابہام میں نہیں رہنا چاہیے؛ اگر پاکستان کے خلاف سمندری محاذ پر کوئی جارحیت کی گئی تو ردِعمل فوری، غیر متوقع اور انتہائی مؤثر ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسی کسی بھی کارروائی کی مکمل ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔ کانفرنس میں سابق وزیرِ خارجہ حنا ربانی کھر نے علاقائی تعاون، سفارتی بصیرت اور کثیرالملکی اشتراک کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر MCE ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے خطے کی بدلتی اسٹریٹیجک صورتحال اور بین الاقوامی کشیدگیوں پر روشنی ڈالی۔ دیگر نمایاں مقررین میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد احمد کدوائی، اعزاز احمد چوہدری، وائس ایڈمرل (ر) خان حشام بن صدیق، وائس ایڈمرل (ر) احمد سعید، ایئر مارشل (ر) جاوید احمد، ڈاکٹر سلمہ ملک، ریئر ایڈمرل (ر) سید فیصل علی شاہ اور بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر نعیم سالک شامل تھے۔ کانفرنس میں معروف دفاعی ماہرین، سفارتکار، طلبہ، اسکالرز اور میڈیا نمائندگان نے بھرپور شرکت کی اور بحرِ ہند کے خطے میں سیکیورٹی، اسٹریٹیجک چیلنجز اور پاکستان کی حکمتِ عملیوں پر مفصل گفتگو کی گئی۔