news

زلفی بخاری کی 800 کنال زرعی زمین نیلام کرنے کا فیصلہ، نیب

Published

on

قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری کی 800 کنال زرعی اراضی نیلام کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر تحصیل جنڈ، ضلع اٹک کی جانب سے باضابطہ نیلامی کا اشتہار جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق یہ نیلامی یکم اکتوبر کو دن 11 بجے میونسپل کمیٹی جنڈ کے دفتر میں منعقد ہوگی۔ مذکورہ اراضی میں ایک ٹکڑا 771 کنال 9 مرلے جبکہ دوسرا 25 کنال 7 مرلے پر مشتمل ہے، اور نیلامی کا عمل ڈپٹی ڈائریکٹر کوارڈ انویسٹی گیشن ونگ کے احکامات پر کیا جا رہا ہے۔

یہ کارروائی القادر ٹرسٹ کیس کے تناظر میں کی جا رہی ہے، جس کے اشتہاری ملزمان میں فرحت شہزاد عرف فرح گوگی، زلفی بخاری اور شہزاد اکبر شامل ہیں۔ جنوری 2024 میں عدالت نے ان سمیت چھ افراد کو باضابطہ اشتہاری قرار دیا تھا۔ اس سے قبل اسلام آباد کے موضع موہڑہ نور بنی گالہ میں 405 کنال زرعی اراضی فی کنال 34 لاکھ 20 ہزار روپے میں نیلام کی جا چکی ہے۔ تاہم، سولہ کنال کے موٹل پلاٹ اور 248 کنال زرعی زمین کی نیلامی میں کوئی خریدار سامنے نہیں آیا تھا۔

نیب کی طرف سے جاری کردہ اشتہار میں واضح کیا گیا ہے کہ نیلامی میں شرکت کرنے والے افراد کے لیے 50 لاکھ روپے کا پے آرڈر چیئرمین نیب کے نام پر جمع کرانا لازمی ہوگا۔ نیلامی میں دلچسپی رکھنے والے افراد جائیداد کا معائنہ بھی کر سکتے ہیں، جس کے لیے متعلقہ پٹواری مکمل رہنمائی فراہم کرے گا۔ نیلامی کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر سیکریٹریٹ عزیر علی خان اور دیگر کمیٹی ممبران کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version