news
اسحاق ڈار کی بحرین و دیگر وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں | اقوام متحدہ اجلاس
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے نیویارک میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان گہرے اور مضبوط دوطرفہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا اور اقتصادی تعاون، علاقائی روابط، اور عالمی سطح پر کثیرالجہتی فورمز پر اشتراک کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں غزہ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جہاں دونوں وزرائے خارجہ نے فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
اس کے علاوہ اسحاق ڈار نے قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی کی میزبانی میں منعقدہ مشاورتی نشست میں بھی شرکت کی، جس میں اردن، متحدہ عرب امارات، مصر، انڈونیشیا، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں اہم عالمی امور پر باہمی مشاورت کی گئی اور اسلامی ممالک کے درمیان متفقہ مؤقف اپنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ اسحاق ڈار نے اس موقع پر اسلامی دنیا سے پاکستان کے تاریخی تعلقات، دوستی اور تعاون کو اجاگر کیا اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کی ہر مثبت کوشش کی حمایت کا اعادہ کیا۔