news
ڈونلڈ ٹرمپ اور شہباز شریف کی وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جمعرات کے روز وائٹ ہاؤس میں پاکستانی وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب واشنگٹن اور اسلام آباد کے درمیان چند ہفتے قبل ایک اہم تجارتی معاہدہ طے پایا ہے، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں کئی اہم امور زیرِ بحث آئیں گے، جن میں خطے میں دہشت گردی کے خلاف اقدامات، نایاب معدنیات پر اشتراک، تجارت اور محصولات سے متعلق مسائل شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، دونوں رہنما علاقائی استحکام، انسدادِ دہشت گردی کے وسیع تر تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر بھی گفتگو کریں گے۔
امریکہ اور پاکستان کے تعلقات حالیہ مہینوں میں ایک نئے مرحلے میں داخل ہوئے ہیں۔ ماضی میں واشنگٹن نے بھارت کو چین کے اثر و رسوخ کے مقابلے میں ایک توازن قائم رکھنے والا شراکت دار سمجھا تھا، لیکن ٹرمپ کی دوسری مدت صدارت کے دوران، امریکہ-بھارت تعلقات میں ویزہ پالیسی، تجارتی محصولات اور کشمیر تنازعے پر ٹرمپ کے بیانات کے باعث کشیدگی دیکھی گئی ہے۔ اس صورتحال نے بھارت کو چین سے اپنے تعلقات دوبارہ ترتیب دینے پر مجبور کر دیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کی پاکستان میں بڑھتی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صدر ٹرمپ نے رواں برس کے آغاز میں پاکستانی آرمی چیف، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بھی وائٹ ہاؤس میں میزبانی کی، جو ایک نایاب سفارتی موقع تھا۔ اس ملاقات میں کوئی اعلیٰ سول عہدیدار موجود نہیں تھا، جو ٹرمپ کے پاکستانی فوج سے تعلقات کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔
اسی دوران پاکستان نے بھارت و پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی ٹرمپ کی کوششوں پر انہیں نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی کھل کر حمایت کی ہے۔
ایک سینئر امریکی سفارتی عہدیدار کے مطابق، امریکہ انسدادِ دہشتگردی، اقتصادی و تجارتی تعاون جیسے اہم معاملات پر پاکستان کے ساتھ مسلسل کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ، “صدر کا فوکس خطے میں امریکی مفادات کو آگے بڑھانے پر ہے، اور پاکستان کے ساتھ تعلقات اس پالیسی کا اہم حصہ ہیں۔”
یاد رہے کہ شہباز شریف نے اس ہفتے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر مسلم ممالک کے سربراہان کے اجلاس میں بھی شرکت کی، جس کی میزبانی قطر اور امریکہ نے مشترکہ طور پر کی تھی۔