news

علی امین گنڈاپور: افغانستان میں امن کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں

Published

on

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جب تک افغانستان میں حالات بہتر نہیں ہوں گے، اس وقت تک خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میرئیٹ سے ملاقات کے دوران کیا، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں خیبرپختونخوا میں برطانوی حکومت کے تعاون سے جاری فلاحی منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی، جبکہ سماجی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے صوبے میں سیڈ (SEED) اور ایس این جی (SNG) پروگرامز کے بعد ایک نیا پروگرام شروع کرنے کا عندیہ بھی دیا۔

وزیراعلیٰ نے ان پروگرامز کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیڈ اور ایس این جی نے صوبائی محکموں کی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے، اور حکومت ان کے تسلسل کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کو ماحولیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے خطیر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، خصوصاً حالیہ سیلاب سے تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی پر کام جاری ہے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ضم شدہ اضلاع میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے، ترقیاتی منصوبہ بندی میں شفافیت لانے اور سرکاری امور کی ڈیجیٹائزیشن پر بھرپور کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی شراکت دار اداروں سے تعاون کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک افغانستان میں پرامن حالات قائم نہیں ہوتے، پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال مستحکم نہیں ہو سکتی۔ اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے مذاکرات اور روایتی جرگہ سسٹم کو اپنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے افغان مہاجرین کے حوالے سے کہا کہ خیبرپختونخوا نے کئی دہائیوں تک اپنے افغان بہن بھائیوں کی میزبانی کی ہے، اور اب ان کی باعزت واپسی چاہتے ہیں۔ صوبائی حکومت واپس جانے والے افغان مہاجرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version