news
سحر حیات نے سمیع رشید سے طلاق کی تصدیق کر دی
معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر سحر حیات نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک سوال و جواب کے سیشن کے دوران اپنی طلاق کی خبروں کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ ایک مداح کی جانب سے طلاق سے متعلق سوال پر سحر نے واضح طور پر کہا کہ وہ اور ان کے سابق شوہر سمیع رشید اب ایک ساتھ نہیں ہیں۔ تاہم، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی بیٹی ایرہ کے والد سمیع ہی رہیں گے اور اس حوالے سے کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔
سحر حیات نے مزید کہا کہ وہ اپنی بیٹی کو سکھائیں گی کہ والد اور والدہ دونوں کا احترام کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرہ کی اپنے والد سے ملاقات پر نہ تو کسی کو روکا گیا ہے اور نہ ہی وہ کسی کو روکنے کا حق رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق ایسے معاملات ذاتی جذبات یا فیصلوں سے نہیں بلکہ پاکستانی قوانین کے مطابق طے ہوتے ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں سے درخواست کی کہ اس نجی معاملے کو مزید زیر بحث نہ لایا جائے اور ان کی پروائیویسی کا احترام کیا جائے۔ سحر نے امید ظاہر کی کہ آئندہ اس موضوع پر بات نہیں کی جائے گی کیونکہ سب کو قانون کی حدود و قیود کا علم ہے۔
یاد رہے کہ سحر حیات اور سمیع رشید کی شادی دسمبر 2022 میں ہوئی تھی اور ان کے ہاں ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی جو اب اپنی ماں کے ساتھ رہتی ہے۔ کچھ عرصہ قبل دونوں کی علیحدگی کی خبریں سامنے آئیں تھیں جنہیں سمیع رشید نے رد کیا تھا، لیکن اب سحر حیات نے خود طلاق کی تصدیق کر دی ہے۔