news

شاہ رخ خان کو پہلا نیشنل فلم ایوارڈ مل گیا

Published

on

بالی ووڈ کے بادشاہ کہلانے والے معروف اداکار شاہ رخ خان کو بالآخر بھارتی حکومت کی جانب سے ان کے کیریئر کا پہلا نیشنل فلم ایوارڈ مل گیا۔ 33 سالہ فلمی سفر کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ انہیں سرکاری سطح پر اس بڑے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ شاہ رخ خان کو یہ ایوارڈ 71ویں نیشنل فلم ایوارڈز 2025 میں بہترین اداکار کی کیٹیگری میں دیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے اداکار وکرانت میسی کو بھی اسی کیٹیگری میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔

تقریب میں اداکارہ رانی مکھرجی کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا، جب کہ بہترین فیچر فلم کا اعزاز فلم ’بارہویں فیل‘ کے حصے میں آیا۔ اس سال کے نیشنل ایوارڈز میں مجموعی طور پر 21 اعزازات 19 مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیے گئے، جن میں بہترین ہندی فلم، ہدایتکاری، ساؤنڈ ڈیزائن، کوریوگرافی، گیت، میک اپ، کاسٹیوم ڈیزائن، سنیماٹوگرافی، ایکشن ڈائریکشن، اور دیگر شامل تھے۔

شاہ رخ خان نے اپنے کیریئر کی شروعات 1988 میں بھارتی سرکاری چینل دوردرشن کے ڈراموں سے کی تھی، جب کہ ان کی پہلی فلم ’دیوانہ‘ 1992 میں ریلیز ہوئی، جس سے انہوں نے فوری طور پر ناظرین کے دل جیت لیے۔ اسی سال وہ سات فلموں میں نظر آئے اور بالی ووڈ میں اپنی جگہ بنا لی۔ گزشتہ تین دہائیوں میں انہوں نے درجنوں سپرہٹ فلمیں دیں اور بے شمار نجی فلمی ایوارڈز حاصل کیے، لیکن نیشنل فلم ایوارڈ کا اعزاز پہلی بار ملا ہے، جسے ان کے مداح ایک تاریخی لمحہ قرار دے رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version