news
پنجاب حکومت نے سیلاب نقصانات کے تخمینے کیلئے پاک فوج سے مدد طلب کرلی
پنجاب حکومت نے حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جانی و مالی نقصانات کا درست تخمینہ لگانے کے لیے پاک فوج کی مدد طلب کر لی ہے۔ بورڈ آف ریونیو اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی نگرانی میں 24 ستمبر سے صوبے بھر میں سروے کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس میں 4,424 فوجی اہلکاروں کی تعیناتی کی درخواست کی گئی ہے۔ سروے کا مقصد انفرااسٹرکچر، زرعی اراضی، ذاتی املاک، انسانی جانوں، فصلوں اور مال مویشیوں کے نقصانات کا جائزہ لینا ہے تاکہ متاثرین کو فوری اور شفاف طریقے سے معاوضہ فراہم کیا جا سکے۔
پنجاب حکومت اس مقصد کے لیے مشترکہ سروے ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں جن میں فوجی اور سول اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ متاثرین کی شناخت اور ڈیٹا کی تصدیق نادرا، پی ایل آر اے اور دیگر اداروں کے ذریعے کی جائے گی، جب کہ ڈیٹا جمع کرنے کے لیے اربن یونٹ کی اینڈرائڈ ایپ استعمال کی جائے گی۔ امداد کی ادائیگی بینک آف پنجاب کے ذریعے، بایومیٹرک تصدیق کے بعد کی جائے گی اور ہر ضلع میں ڈسبرسمنٹ سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔
سروے ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ اور سخت نگرانی کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ تحصیل اور ضلع کی سطح پر فوکل پرسنز مقرر کیے گئے ہیں، جب کہ شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک مرکزی کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔ وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ فنڈز کی کوئی کمی نہیں اور تمام متاثرین کو ایک ماہ کے اندر مکمل امداد فراہم کر دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ صرف سرکاری ادارے ہی نہیں بلکہ کابینہ کے اراکین بھی امدادی کارروائیوں کی نگرانی میں شامل رہے۔