news
وزیراعظم شہباز شریف اور آئی ایم ایف سربراہ کی ملاقات
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان کی معیشت، جاری اصلاحات اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف کی دیرینہ تعمیری شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری، خاص طور پر کرسٹالینا جارجیوا کی قیادت میں، مزید مضبوط ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی بروقت مالی معاونت کو تسلیم کیا، جس میں 2024 کے لیے 3 ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ، 7 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت، اور 1.4 ارب ڈالر کی ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فریم ورک (RSF) شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت میں استحکام آ رہا ہے اور معیشت بحالی کے راستے پر گامزن ہے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے معیشت پر اثرات کو آئی ایم ایف کے آئندہ جائزے میں شامل کیا جانا چاہیئے۔
کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان میں سیلاب متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ نقصانات کے درست تخمینے سے بحالی کے اقدامات کو مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کے معاشی اصلاحات پر عزم کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی طویل المدتی، پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔