news
اگست 2025ء میں پاکستان کی برآمدات میں نمایاں کمی
اسلام آباد:
پاکستان کے بڑے برآمدی شعبے اگست 2025ء کے دوران منفی زون میں داخل ہو گئے، وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ٹیکسٹائل، خوراک، پیٹرولیم اور مینوفیکچرنگ سمیت پانچ بڑے برآمدی سیکٹرز کی ماہانہ اور سالانہ برآمدات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اگست 2024ء کے مقابلے میں اگست 2025ء میں ٹیکسٹائل کی برآمدات 1 ارب 64 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے کم ہو کر 1 ارب 52 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہ گئیں، جو ماہانہ بنیاد پر 9 فیصد اور سالانہ بنیاد پر 7 فیصد کی کمی ہے۔
خوراک کے شعبے میں بھی برآمدات میں شدید کمی دیکھی گئی، جو ایک سال میں 35 فیصد اور ایک ماہ میں 19 فیصد کم ہو کر 53 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سے گھٹ کر 34 کروڑ 80 لاکھ ڈالر پر آ گئیں۔
مینوفیکچرنگ سیکٹر کی برآمدات بھی اگست 2024ء کی 37 کروڑ ڈالر کی سطح سے کم ہو کر اگست 2025ء میں 34 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہو گئیں، جو کہ سالانہ 7 فیصد اور ماہانہ 1 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔
اسی طرح پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں بھی واضح کمی آئی، جو ایک سال میں 25 فیصد اور صرف ایک ماہ میں 60 فیصد گھٹ کر 2 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سے 2 کروڑ ڈالر رہ گئیں۔
مجموعی طور پر پانچ بڑے شعبوں کی برآمدات اگست 2025ء میں گھٹ کر 2 ارب 23 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہ گئیں، جو اگست 2024ء کی 2 ارب 57 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں نمایاں کمی ہے۔ یہ اعدادوشمار برآمدی شعبے میں موجود چیلنجز اور عالمی و مقامی سطح پر موجود دباؤ کی عکاسی کرتے ہیں