news
وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب کا دورہ مکمل، لندن روانہ
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کا دورہ مکمل کر لیا ہے اور وہ ریاض سے لندن روانہ ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم آفس کے مطابق ریاض ایئرپورٹ پر سعودی نائب گورنر محمد بن عبد الرحمن بن عبد العزیز نے وزیراعظم کو الوداع کیا، جبکہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف دورہ برطانیہ کے بعد امریکہ روانہ ہوں گے جہاں وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اپنے سوشل میڈیا پیغام میں وزیراعظم نے ریاض پہنچنے پر شاندار استقبال پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ پرتپاک استقبال دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ محبت اور باہمی اعتماد کا مظہر ہے۔ شہباز شریف نے ولی عہد سے ہونے والی ملاقات کو خوشگوار اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران علاقائی چیلنجز اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی مزید مضبوط ہوگی اور نئی بلندیوں کو چھوئے گی۔