news

عمران خان کا چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط

Published

on

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کے نام ایک خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے عدالتی حلف کی پاسداری، جرات مندانہ فیصلوں اور عدلیہ کی آزادی کو بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔ عمران خان نے لکھا کہ وہ سپریم کورٹ سے صرف 31 کلومیٹر کے فاصلے سے یہ خط بھیج رہے ہیں، لیکن گزشتہ 772 دن سے انہیں اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو وہاں سے انصاف نہیں مل رہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بشریٰ بی بی نہایت صبر سے جیل میں غیر انسانی اور ذلت آمیز سلوک سہہ رہی ہیں، انہیں علاج، کتابوں، ٹی وی اور باہر کی دنیا سے مکمل طور پر محروم رکھا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا کہ پاکستانی قانون خواتین کو ضمانت کے لیے خصوصی رعایت دیتا ہے لیکن بشریٰ بی بی کے معاملے میں صرف اس لیے انکار کیا گیا کیونکہ وہ عمران خان کی اہلیہ ہیں۔ عمران خان نے انکشاف کیا کہ ان پر 300 سے زائد سیاسی مقدمات قائم کیے گئے ہیں جبکہ بشریٰ بی بی کی صحت بگڑتی جا رہی ہے اور ڈاکٹر کو معائنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے چیف جسٹس سے گزارش کی کہ وہ اپنے حلف کی لاج رکھیں اور عدلیہ کو انصاف کی آخری امید بنائیں، کیونکہ پاکستان اس وقت تاریخ کے ایک اہم اور فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version