news

چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان عہدے پر بحال

Published

on

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمان کو عہدے سے ہٹانے کا سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے انہیں عہدے پر بحال کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل بینچ نے سنایا۔ سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی اے کے وکیل قاسم ودود نے مؤقف اختیار کیا کہ سنگل بینچ کے فیصلے میں آئینی تقاضے مکمل نہیں کیے گئے، جبکہ کیس کی مکمل بحث بھی نہیں ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے ایک تفصیلی 99 صفحات پر مشتمل فیصلے میں چیئرمین کی تقرری کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ممبر (ایڈمنسٹریشن) کا عہدہ ٹیلی کام ایکٹ کے مینڈیٹ سے باہر تخلیق کیا گیا اور چیئرمین کی تقرری کے لیے پی ٹی اے کے قواعد میں من مانی ترمیم کی گئی جو کہ آئین اور قانون کے خلاف ہے۔

چیئرمین نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی تقرری قانون کے مطابق ہوئی اور وہ تمام سرکاری امور ضوابط کے تحت انجام دے رہے ہیں۔ اب عدالت نے انہیں عبوری طور پر بحال کر دیا ہے، اور کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ پر کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version