news
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، بھارتی سپانسرڈ 9 دہشتگرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع خضدار اور کیچ میں سکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد تنظیم “فتنہ الہندوستان” کے خلاف انٹیلیجنس بنیاد پر بھرپور آپریشن کیا، جس میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران مجموعی طور پر 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 14 اور 15 ستمبر 2025ء کی درمیانی شب بلوچستان خضدار میں دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے پر کارروائی کی گئی، جہاں 5 دہشتگرد مارے گئے، جب کہ بعد ازاں ایک اور آپریشن میں مزید 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ ان دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے شیر بندی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کیپٹن وقار احمد سمیت 5 جوان جامِ شہادت نوش کرگئے۔ شہداء میں نائیک اسمت اللہ، لانس نائیک جنید احمد، خان محمد اور سپاہی محمد ظہور شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کی یہ کارروائیاں بھارت کے پراکسی نیٹ ورک کی سرپرستی میں ہو رہی ہیں، جن کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز اور پوری قوم دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔