news

وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب میں شاندار استقبال

Published

on


وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے حالیہ سرکاری دورۂ سعودی عرب کے دوران ملنے والے شاندار استقبال پر سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رائل سعودی ایئرفورس کی جانب سے ان کے طیارے کو فراہم کردہ بے مثال سیکیورٹی، اور سعودی مسلح افواج کی طرف سے پیش کیا گیا چاق و چوبند گارڈ آف آنر — سب کچھ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین موجود محبت، باہمی احترام اور اخوت کا عملی مظہر تھا۔

وزیراعظم نے شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کو جو رہنمائی وہ فراہم کر رہے ہیں، وہ لائقِ تحسین ہے۔ ملاقات کے دوران خطے کے چیلنجز پر تبادلہ خیال ہوا، جب کہ دوطرفہ اقتصادی، تجارتی اور دفاعی تعاون کو وسعت دینے پر بھی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک اہم ترین “اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے” (SMDA) پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت کسی بھی ایک ملک پر جارحیت کو دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ اعلامیے کے مطابق یہ معاہدہ خطے میں امن و سلامتی کے قیام اور مشترکہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک عملی قدم ہے۔

وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز، شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، اور دونوں ممالک کی دوستی کو “عظمت کی نئی بلندیوں” تک لے جانے کی دعا کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version