news
واٹس ایپ میں نیا تھریڈڈ ریپلائی فیچر
واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے گروپ چیٹس کو مزید منظم بنانے کی غرض سے ایک نیا واٹس ایپ فیچر متعارف کروایا ہے، جس کے تحت میسجز کے جوابات اب “تھریڈز” کی صورت میں ظاہر ہوں گے۔
اس وقت جب کوئی صارف کسی پیغام کا جواب دیتا ہے، تو وہ ایک الگ میسج کے طور پر ظاہر ہوتا ہے، جس کی وجہ سے گروپ چیٹس میں گفتگو کا تسلسل بکھر جاتا ہے، خاص طور پر جب ایک ہی میسج پر متعدد افراد جواب دیں۔
تاہم نئے فیچر میں اگر ایک مخصوص میسج پر دس افراد ریپلائی کریں، تو تمام جوابات اسی میسج کے نیچے ایک تھریڈ کی صورت میں نظر آئیں گے۔ اس سے گروپ میں گفتگو کو سمجھنا، فالو کرنا اور کسی خاص موضوع پر بات کو جوڑ کر دیکھنا آسان ہو جائے گا۔
یہ فیچر خصوصاً ان گروپ چیٹس کے لیے مفید ہوگا جہاں بیک وقت کئی افراد بات کر رہے ہوتے ہیں۔ ساتھ ہی، نئے شامل ہونے والے افراد بھی کسی بھی جاری بحث کو تھریڈ کھول کر باآسانی سمجھ سکیں گے۔
واٹس ایپ نے فی الحال اس فیچر کو محدود صارفین کے لیے ٹیسٹ ورژن میں پیش کیا ہے۔ اگر تجربہ کامیاب رہا، تو جلد ہی یہ فیچر تمام صارفین کے لیے دستیاب ہو جائے گا۔