news
پولینڈ کا پاکستان میں تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان
اسلام آباد:
پولینڈ نے پاکستان میں توانائی کے شعبے، خاص طور پر تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں پولینڈ کے سفیر میسیج پسارسکی اور پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں مختلف اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پولینڈ کے سفیر کے مطابق ان کا ملک پاکستان میں تیل و گیس کے شعبے میں 100 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان اس شعبے میں شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے امکانات روشن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولینڈ نہ صرف توانائی بلکہ دیگر معاشی شعبوں میں بھی تعاون کا خواہاں ہے۔
سفیر نے اعلان کیا کہ پولینڈ، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے جلد ہی ایک اعلیٰ سطحی سیاسی وفد پاکستان بھیجے گا۔ یہ اقدام سیلاب متاثرین کے لیے پولینڈ کی جانب سے کی گئی امدادی سرگرمیوں کے تسلسل کا حصہ ہے۔
اس ملاقات اور فیصلوں کو ایس آئی ایف سی (Special Investment Facilitation Council) کی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کے تحت پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھولے جا رہے ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ مستقبل قریب میں پاکستان اور پول کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔