news
عمران خان کا جیل ٹرائل ختم، کیس دوبارہ عدالت منتقل
پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے، جس کے بعد اب اس کیس سمیت 9 مئی کے مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی میں ہوگی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت عمران کو آئندہ سماعتوں میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔ دیگر ملزمان کو عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونا ہوگا۔
عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل فیصل ملک نے کہا کہ “آج 9 مئی کے 12 مقدمات کی سماعت تھی، جس میں جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت تمام مقدمات کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالت کو بتایا گیا ہے کہ “ایک نیا نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے، جس کے تحت کیس اڈیالہ جیل سے واپس اے ٹی سی راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے اور عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔”
فیصل ملک نے پنجاب حکومت کے فیصلے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ “ہم ویڈیو لنک کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں اور عمران خان کی عدالت میں ذاتی پیشی کے لیے درخواست دائر کریں گے۔”
اس معاملے پر عدالتی رپورٹر دُرّے اقبال نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “عمران کی جیل میں ہونے والی ملاقاتیں اور بیانات روکنے کے لیے پنجاب حکومت نے یہ نوٹیفکیشن واپس لیا ہے، اور اب حکومت چاہتی ہے کہ عمران خان کی عدالت تک رسائی محدود رہے۔”