news
خضدار میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، بھارت نواز 5 دہشتگرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع خضدار میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ فتنہ الہندستان کے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن 14 اور 15 ستمبر 2025 کی درمیانی شب انجام دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد پانچ دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا جو متعدد دہشتگردانہ سرگرمیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خضدار میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشتگرد کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔ سکیورٹی فورسز ملک کو دہشتگردی سے مکمل پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے شیر بندی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دہشتگردوں نے آئی ای ڈی دھماکے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہو گئے۔ شہداء میں کیپٹن وقار احمد، نائیک اسمت اللہ، لانس نائیک جنید احمد، خان محمد اور سپاہی محمد ظہور شامل ہیں۔
فوجی ترجمان نے بتایا کہ اسی علاقے میں کی گئی جوابی کارروائی میں بھارتی پراکسی نیٹ ورک فتنہ الہندستان کے مزید 5 دہشتگردوں کو بھی ہلاک کر دیا گیا ہے۔ یہ آپریشنز پاکستان کے عزم کی علامت ہیں کہ ملک دشمن عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔