news
بلوچستان: دہشت گرد حملوں میں 9 اہلکار شہید، متعدد زخمی
بلوچستان کے دو مختلف اضلاع میں دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 9 سکیورٹی اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ ضلع شیرانی میں دہشت گردوں نے رات گئے پولیس اور لیویز کے تھانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 3 لیویز اہلکار اور ایک پولیس کانسٹیبل شہید جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہو گئے۔ ڈپٹی کمشنر شیرانی حضرت ولی کاکڑ کے مطابق حملے میں بھاری ہتھیار استعمال کیے گئے جس سے تھانے کا مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ہنگامی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا، جب کہ ژوب کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب، بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے شیر بندی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا، جس میں پاک فوج کے پانچ جوان شہید ہو گئے۔ شہداء میں کیپٹن وقار احمد، نائیک اسمت اللہ، لانس نائیک جنید احمد، خان محمد اور سپاہی محمد ظہور شامل ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، علاقے میں جاری کلیئرنس آپریشن کے دوران بھارت کے پراکسی نیٹ ورک “فتنہ الہندستان” کے پانچ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ مزید سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ دیگر دہشت گردوں کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی، اور شہداء کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔