news
پاکستان کا مطالبہ منظور، آئی سی سی نے اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹا دیا
پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر آئی سی سی نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے متنازعہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ کے بقیہ میچز سے ہٹا دیا ہے، جس کے بعد پاکستان کی ایشیا کپ میں شرکت کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے دوران پیدا ہونے والے ہینڈ شیک تنازعے کے بعد پی سی بی نے ریفری کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا، جسے اب تسلیم کر لیا گیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے اس فیصلے کے بعد رچی رچرڈسن کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے اگلے میچ کے لیے میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔ اس پیش رفت کے بعد پاکستان ٹیم نے منگل کی رات ہونے والے پریکٹس سیشن میں بھی حصہ لیا، جبکہ اس سے قبل یو اے ای کے خلاف میچ سے پہلے ہونے والی پریس کانفرنس منسوخ کر دی گئی تھی۔
یاد رہے کہ ابتدائی رپورٹس میں کہا جا رہا تھا کہ آئی سی سی پاک کا مطالبہ مسترد کر دے گا، تاہم پی سی بی نے یہ واضح کیا تھا کہ اگر مطالبہ تسلیم نہ ہوا تو پاکستان ایشیا کپ سے دستبردار ہو سکتا ہے۔ تاہم اب تنازع حل ہو چکا ہے اور پاک ٹیم نے ایونٹ میں شرکت جاری رکھنے کی تصدیق کر دی ہے۔ پاک اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اہم میچ بدھ کے روز شیڈول ہے۔