news

کامن ویلتھ پر انتخابی دھاندلی چھپانے کا الزام، خفیہ رپورٹ منظر عام پر

Published

on

برطانوی اخبار دی ٹیلیگراف نے انکشاف کیا ہے کہ دولتِ مشترکہ (کامن ویلتھ) نے پاکستان میں 8 فروری 2024ء کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی رپورٹ کو دبا دیا۔ اخبار کے مطابق ایک لیک شدہ رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ پاکستان کی فوجی حمایت یافتہ حکومت نے عمران خان کی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف ریاستی مشینری استعمال کرتے ہوئے منظم انتخابی دھاندلی کی، جس میں ووٹوں کی چوری، امیدواروں پر دباؤ، اور انتخابی نشان کی بندش شامل تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دولتِ مشترکہ نے عام طور پر کی طرح انتخابات کے مشاہدے کے لیے 13 رکنی مبصر ٹیم پاکستان بھیجی تھی، لیکن اپنی 70 سالہ تاریخ میں پہلی بار اس مشن کی حتمی رپورٹ کو شائع نہیں کیا گیا۔ الٹا ابتدائی بیانات میں انتخابات کی شفافیت اور جمہوری عمل کی تعریف کی گئی، جس پر بعد میں تنقید سامنے آئی۔

لیک ہونے والی رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی کو آزادانہ انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی گئی، پارٹی کے کئی امیدواروں کو آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے پر مجبور کیا گیا، اور پولنگ کے دوران فارم 45 اور 47 کے نتائج میں سنگین تضادات پائے گئے۔ ان الزامات کے مطابق، متعدد حلقوں میں پی ٹی آئی امیدواروں کو ہارنے والا ظاہر کر کے غیر قانونی طور پر دوسرے امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا۔

رپورٹ کو پہلے غیر رسمی طور پر حکومتِ پاکستان سے شیئر کیا گیا، جس کے بعد مبینہ طور پر حکومت نے دولتِ مشترکہ سے اس کی اشاعت روکنے کا مطالبہ کیا۔ اب یہ رپورٹ آزاد ویب سائٹ Drop Site News پر مکمل طور پر لیک ہو چکی ہے، جس میں نہ صرف منظم دھاندلی بلکہ اظہارِ رائے، اجتماع، اور سیاسی سرگرمیوں پر پابندیوں کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

دولتِ مشترکہ کے ترجمان نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لیک شدہ دستاویزات پر کوئی ردعمل نہیں دیتے، تاہم انہوں نے تصدیق کی کہ رپورٹ حکومتِ پاکستان اور الیکشن کمیشن کو پہلے ہی دی جا چکی ہے، اور اسے رواں ماہ کے آخر میں شائع کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version