news
تنوشری دتّا کا انکشاف: بگ باس میں شمولیت کی 11 سالہ آفرز
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور ماڈل تنوشری دتّا نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں گزشتہ 11 برسوں سے ریئلٹی شو “بگ باس” میں شرکت کی مسلسل آفرز موصول ہو رہی ہیں، تاہم وہ ہر بار انکار کر دیتی ہیں۔ ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے تنوشری دتّا، جنہوں نے عمران ہاشمی کے ساتھ فلم عاشق بنایا آپ نے سے شہرت حاصل کی، بتایا کہ انہیں شو میں بطور امیدوار شامل ہونے کے لیے 1 کروڑ 65 لاکھ بھارتی روپے تک کی پیشکش ہوئی، لیکن انہوں نے اسے اپنی شخصیت اور اقدار سے متصادم سمجھتے ہوئے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی عزتِ نفس، نجی زندگی اور نظریات کو دولت پر ترجیح دیتی ہیں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا، “اگر بگ باس والے مجھے چاند کا ٹکڑا بھی دے دیں، تب بھی میں اس شو کا حصہ نہ بنوں۔” تنوشری نے بگ باس کے فارمیٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “اس شو میں مرد و خواتین ایک ہی جگہ سوتے ہیں، دن بھر جھگڑتے رہتے ہیں، اور یہ سب کچھ میرے لیے ناقابل قبول ہے۔”
ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر رہا ہے، جہاں صارفین ان کی خودداری کو سراہ رہے ہیں، جبکہ کچھ بگ باس کے فارمیٹ پر تنقید بھی کر رہے ہیں۔