news
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ، 5 جوان شہید
بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے شیر بندی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کی جانب سے ریموٹ کنٹرول بم (آئی ای ڈی) حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 5 جوان جام شہادت نوش کر گئے۔ بلوچستان شہداء میں کیپٹن وقار احمد، نائیک اسمت اللہ، لانس نائیک جنید احمد، خان محمد اور سپاہی محمد ظہور شامل ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حملے کے فوراً بعد علاقے میں کلیئرنس اور جوابی کارروائی کا آغاز کیا گیا، جس میں بھارت کی پشت پناہی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہ “فتنہ الہندستان” کے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ علاقے میں سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشتگرد کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف قومی عزم کے ساتھ کھڑی ہیں اور بھارتی سرپرستی میں ہونے والی ان کارروائیوں کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔ شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر اور ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرنے کا باعث ہیں۔
ادھر خیبرپختونخواہ میں بھی سیکیورٹی فورسز نے دہشتگرد تنظیم “فتنہ الخوارج” کے خلاف کامیاب کارروائیاں کیں۔ بنوں اور لکی مروت میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دو علیحدہ آپریشنز کیے گئے۔ لکی مروت میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 14 جبکہ بنوں میں 17 دہشتگرد مارے گئے، یوں مجموعی طور پر 31 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے کئی ٹھکانوں کو بھی مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔