news
پاکستان کا آئی سی سی کو احتجاج
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کو باضابطہ احتجاجی خط لکھ دیا ہے۔ پی سی بی نے الزام عائد کیا ہے کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے ٹاس کے وقت پاکستانی کپتان سلمان آغا کو بھارتی کپتان سے مصافحہ (ہاتھ ملانے) سے روک دیا، جو کھیل کی روح (Spirit of Cricket) کے خلاف اقدام ہے۔ پی سی بی نے مطالبہ کیا ہے کہ میچ ریفری کو فوری طور پر ایشیا کپ کے عملے سے ہٹایا جائے۔ پی سی بی کے مطابق میچ ریفری کا رویہ نہ صرف آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے پاکستان ٹیم کی عزت نفس مجروح ہوئی۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے یہ بھی عندیہ دیا ہے کہ اگر میچ ریفری کو تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ کے باقی میچز کھیلنے پر نظر ثانی کرے گا۔ اس تمام معاملے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے، اور کہا ہے کہ کرکٹ کے میدان میں ایسی جانبداری ناقابلِ قبول ہے۔ خط میں ایم سی سی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے میچ ریفری کے رویے کو “بہت بڑی خلاف ورزی” قرار دیا گیا ہے۔