news
وزیراعظم کا سیلاب متاثرین کیلئے بڑا ریلیف: ایک ماہ کا بجلی بل معاف
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ گھریلو صارفین کے لیے ایک ماہ یعنی اگست کے بجلی کے بل معاف کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ قوم سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید تباہی مچائی ہے، جہاں جانی و مالی نقصان کے ساتھ ساتھ لوگوں کے گھر، روزگار اور مال مویشی بھی متاثر ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں، عوام اور مسلح افواج مل کر ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تمام گھریلو صارفین اگست کے بجلی کے بل ادا نہیں کریں گے، اور یہ بل وفاقی حکومت اپنے وسائل سے ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو صارفین پہلے ہی یہ بل ادا کر چکے ہیں، انہیں یہ رقم اگلے مہینے کے بل میں واپس کر دی جائے گی، اور اس سلسلے میں واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں، وزیراعظم نے اعلان کیا کہ زرعی، کمرشل اور صنعتی صارفین کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، اور ان کے بلوں کی ادائیگی کو مؤخر کیا گیا ہے۔ اگر نقصان زیادہ پایا گیا تو انہیں اضافی ریلیف بھی دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب تک سیلاب سے متاثرہ ہر فرد کو اس کے گھر میں دوبارہ آباد نہیں کیا جاتا، حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام سیلاب متاثرین کے لیے حکومت کی طرف سے ایک چھوٹی سی کوشش ہے جو ان کے دکھوں میں کمی کا سبب بنے گی