news
موٹروے ایم 5 جلالپور پیر والا کے مقام پر سیلابی خدشات کے باعث بند
جلالپور پیر والا کے مقام پر سیلابی پانی کے شدید کٹاؤ کے باعث موٹروے ایم 5 کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے تصدیق کی ہے کہ متاثرہ مقام پر موٹروے میں بریچنگ کا خطرہ پیدا ہو چکا ہے، جس کے پیش نظر فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ موٹروے ایم 5کو بچانے کے لیے پی ڈی ایم اے، این ایچ اے اور دیگر متعلقہ ادارے ریت کے تھیلے اور پتھر استعمال کر کے حفاظتی بند بنا رہے ہیں۔ ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق، روڈیوزرز کی حفاظت کے پیش نظر جلالپور پیر والا کے قریب موٹروے بند کی گئی ہے اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ نارتھ باؤنڈ ٹریفک کو اوچ شریف، جھانگرہ اور جلالپور انٹرچینج سے موڑا جا رہا ہے، جب کہ ساؤتھ باؤنڈ ٹریفک کو شاہ شمس، شیر شاہ اور شجاع آباد ساؤتھ کے ذریعے متبادل راستے فراہم کیے گئے ہیں۔ متعلقہ اداروں نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں سیلابی پانی کی سطح میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ دریاؤں میں بھی پانی کے بہاؤ میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے۔