news
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، فوری اقدامات پر زور
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصانات کی متحمل نہیں ہو سکتی، اس لیے سیلاب سے بچاؤ کے لیے درکار تمام اقدامات، خصوصاً انفراسٹرکچر کی ترقی کو تیز کیا جانا ناگزیر ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں، بشمول قصور، جلال پور پیروالا اور ملتان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر لاہور اور ملتان کور کے کمانڈرز نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کا مقصد موجودہ سیلابی صورتحال اور جاری ریسکیو و ریلیف آپریشنز کا جائزہ لینا تھا۔
فیلڈ مارشل کو ان علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں، سول انتظامیہ کے ساتھ تعاون اور متاثرین کی ضروریات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ان کے ہمراہ چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر اعلیٰ سول حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں فیلڈ مارشل نے عوام پر مبنی ترقی اور مؤثر حکمرانی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بار بار آنے والے سیلابوں سے بچاؤ کے لیے مربوط اقدامات کی فوری ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سول اور فوجی اداروں کی ہم آہنگی سیلاب زدگان کو بروقت امداد فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، اور پاک فوج ہمیشہ عوامی فلاحی اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کے دوران ان کی بحالی اور آبادکاری میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی، جس پر متاثرین نے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔
فیلڈ مارشل نے ریسکیو آپریشنز میں مصروف فوجی جوانوں، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں اور پولیس حکام سے بھی ملاقات کی، اور ان کے حوصلے، عزم اور قوم کی خدمت کے جذبے کو سراہا۔ اس کے علاوہ فیلڈ مارشل نے لاہور، ملتان، قصور اور جلال پور پیروالا سمیت مختلف متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا تاکہ امدادی کاموں اور نقصانات کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔