news
ثنا یوسف قتل کیس: ملزم عمر حیات پر فردِ جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر
اسلام آباد میں 16 سالہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، عدالت نے گرفتار ملزم عمر حیات پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے 20 ستمبر کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ کیس کی سماعت اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکا نے کی، جس دوران ملزم عمر حیات کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے کارروائی کے دوران چالان کی نقول ملزم کو فراہم کرتے ہوئے واضح کیا کہ آئندہ سماعت پر فردِ جرم عائد کی جائے گی۔ یاد رہے کہ ملزم عمر حیات پر تھانہ سنبل میں قتل کا مقدمہ درج ہے، جس میں اس نے خود اعتراف کیا تھا کہ اس نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کے ذریعے قتل کیا۔
یہ ہولناک واقعہ سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں شدید ردعمل کا باعث بنا تھا، اور اب عدالتی کارروائی اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہی ہے۔