news

عمران خان کے بیٹوں کی اقوام متحدہ سے والد کی رہائی کیلئے اپیل

Published

on

پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف اور سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں سلیمان خان اور قاسم خان نے اقوام متحدہ سے اپنے والد کی رہائی کے لیے باضابطہ اپیل دائر کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں بیٹوں نے اقوام متحدہ کے اسپیشل نمائندہ برائے تشدد کے روبرو دائر کردہ اپیل میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے والد عمران خان کو جیل میں غیر انسانی سلوک کا سامنا ہے، جس میں قیدِ تنہائی، ناقص خوراک، طبی سہولتوں کی عدم فراہمی اور مسلسل نگرانی شامل ہے۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ ان کی قید عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور یہ انسانی وقار کے منافی عمل ہے۔

سلیمان اور قاسم نے اقوام متحدہ سے فوری مداخلت اور ان کے والد کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور امریکی محکمہ خارجہ بھی عمران خان کی صحت اور سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کر چکے ہیں۔

اسی تناظر میں عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ان کے والد کو جمہوریت کے دفاع کی پاداش میں قید کیا گیا ہے، جہاں انہیں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، ڈاکٹرز سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی اور وکلا و اہل خانہ سے ملنے پر بھی پابندی ہے۔ قاسم خان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کے حامیوں اور اہل خانہ کو اغواء کیا گیا یا فوجی عدالتوں کے سامنے پیش کیا گیا، جو انصاف نہیں بلکہ سیاسی انتقام ہے۔ قاسم نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ پاکستان میں جمہوریت کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کے لیے آواز بلند کرے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version