news

 سیلاب متاثرین بحالی کیلئے اقوام متحدہ اور عالمی ڈونرز سے امداد کی اپیل

Published

on

پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں جاری تباہ کن سیلابی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لاکھوں بے گھر متاثرین کی عالمی سطح پر آواز بلند کرنے کے لیے اہم تجویز پیش کی ہے۔ پارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں تمام حکومتی، اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل ایک نمائندہ وفد اقوام متحدہ بھیجنے کی تجویز دیتی ہے تاکہ سیلاب متاثرین کے لیے عالمی امداد حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وسطی اور جنوبی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سیلاب سے شدید تباہی ہوئی ہے، جہاں کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، لاکھوں جانور ہلاک ہو چکے ہیں اور لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔

نیر بخاری نے تجویز دی کہ امریکہ، یورپی یونین اور عرب ممالک میں بھی پاکستانی وفود روانہ کیے جائیں تاکہ ان حکومتوں اور ڈونرز سے براہِ راست سیلاب متاثرین کی امداد کی اپیل کی جا سکے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2022 میں بلاول بھٹو زرداری کے عالمی دوروں کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور متاثرین کی امداد کے لیے بڑے پیکجز کا اعلان کیا گیا تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ اس کامیاب ماڈل کو دہرا کر فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔

پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سیلاب متاثرہ خاندانوں اور کسانوں کو فوری نقد امداد فراہم کی جائے، تاکہ انہیں زندگی کی بنیادی ضروریات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فصلوں کی تباہی کے باعث ملک میں غذائی قلت، بیماریوں اور بے روزگاری کے خدشات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ نیر بخاری نے وزیراعظم کی جانب سے ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی کے اعلان کو سراہا، لیکن کہا کہ صرف اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کی فوری ضرورت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version