news
مستونگ میں پاک فوج کا کامیاب آپریشن
پاک فوج نے ملک بھر میں جاری انسداد دہشت گردی کی مہم کے تحت بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ایک اور کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا، جس کے دوران کالعدم گروہ “فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر (Inter-Services Public Relations) کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مستونگ کے ایک مخصوص علاقے میں کارروائی کی، جہاں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں چار دہشتگرد مارے گئے۔
فتنہ الہندوستان کے یہ دہشتگرد متعدد دہشتگرد کارروائیوں، ٹارگٹ کلنگ اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ ان کے قبضے سے جدید ہتھیار، بارودی مواد اور حساس معلومات برآمد ہوئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشتگرد کو فرار ہونے کا موقع نہ ملے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ:
“سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور جو عناصر ملک کے امن و امان کو چیلنج کریں گے، انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا یا جہنم واصل کیا جائے گا۔”
واضح رہے کہ پاک فوج اس وقت خیبرپختونخوا، بلوچستان اور دیگر علاقوں میں “فتنہ الخوارج” اور “فتنہ الہندوستان” جیسے گروہوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے تاکہ ملک میں دیرپا امن قائم کیا جا سکے۔