news
پاکستان کا اسرائیل کو دو ٹوک پیغام: نیتن یاہو کے بیانات ناقابل قبول
ترجمان دفتر خارجہ پاکستان نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے حالیہ اشتعال انگیز بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان علاقائی امن و امان کے خلاف کسی بھی اقدام یا بیان کو ہرگز معمولی نہیں لیتا۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اپنی قومی خودمختاری اور دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا بھرپور اور مؤثر جواب دے گا۔
دفتر خارجہ نے اسرائیل کے اس بیان کو حقائق کے برخلاف اور اشتعال انگیزی پر مبنی قرار دیتے ہوئے اسے یکسر مسترد کر دیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان بارہا عالمی برادری سے مطالبہ کر چکا ہے کہ اسرائیل کو ایسے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ انہوں نے قطر پر حالیہ اسرائیلی حملے کو کھلی جارحیت اور خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا اور واضح کیا کہ پاکستان قطر کی مکمل حمایت اور یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اس حملے کے تناظر میں فوری طور پر دوحہ کا سرکاری دورہ کیا اور قطر کی قیادت سے ملاقات میں پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ اسرائیلی جارحیت کے مقابلے کے لیے مسلم امہ کو متحد ہونا ہوگا۔
اس دورے کے دوران وزیراعظم نے قطر کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی بھی حمایت کی اور 15 ستمبر کو ہونے والے غیرمعمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی پر قطر کو سراہا۔