news

بلاول بھٹو کا سیلاب متاثرین کیلئے فوری بین الاقوامی امداد کی اپیل کا مطالبہ

Published

on

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے فوری طور پر اقوام متحدہ کے تحت بین الاقوامی امداد کی اپیل کرے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر جاری بیان میں انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا، تاہم اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اب تک جنوبی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور پنجاب کے متاثرہ اضلاع کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کسی ریلیف کا اعلان نہیں کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں ذاتی طور پر یقین دہانی کروائی تھی کہ متاثرین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ریلیف فراہم کیا جائے گا، لیکن عملی اقدامات میں تاخیر باعثِ تشویش ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2022، 2010 کے سیلاب اور 2005 کے زلزلے کے دوران بھی عالمی برادری سے فوری امداد کی اپیل کی گئی تھی، جو بین الاقوامی سطح پر ایک عام رواج ہے۔

بلاول بھٹو نے خبردار کیا کہ بین الاقوامی امداد کی اپیل میں تاخیر سے کروڑوں متاثرین ریلیف سے محروم ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی تمام صوبائی اسمبلیوں، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں سیلاب متاثرین کی امداد سے متعلق قراردادیں پیش کرے گی۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت زراعت سے وابستہ افراد کی مدد کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور امید ہے کہ وفاقی حکومت بھی اس قومی مقصد میں بھرپور تعاون کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version