news
چاہت فتح علی خان پر انڈوں سے حملہ، ویڈیو وائرل
سوشل میڈیا پر اپنی منفرد اور مزاحیہ گائیکی سے شہرت پانے والے چاہت فتح علی خان پر لندن میں ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، جہاں دو نامعلوم نوجوانوں نے ان پر انڈوں سے حملہ کر دیا۔ وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ سڑک کنارے اپنی پروموشنل ویڈیو ریکارڈ کروا رہے تھے کہ اچانک دو نوجوان تیزی سے قریب آئے اور ان کے سر اور سینے پر انڈے مار کر فرار ہو گئے۔ اس حملے سے ان کے کپڑے اور چہرہ بری طرح خراب ہو گیا۔ واقعے کی ویڈیو دیکھنے والوں کے لیے حیران کن اور افسوسناک تھی، جبکہ چاہت فتح علی خان خود بھی اس اچانک افتاد پر پریشان نظر آئے۔ تاحال حملہ آوروں کی شناخت یا واقعے کے پس منظر کے بارے میں کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آئیں اور نہ ہی پولیس کی جانب سے کسی قسم کا باضابطہ بیان جاری کیا گیا ہے۔