news

جنوبی پنجاب میں کشتی حادثات اور سیلاب سے 30 ہلاکتیں، ہزاروں افراد متاثر

Published

on

جنوبی پنجاب میں جاری شدید سیلاب اور کشتیوں کے الٹنے کے مختلف واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 30 ہو چکی ہے، جب کہ آٹھ سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ لیاقت پور، جلال پور پیروالا، منچن آباد، علی پور اور اُچ شریف سمیت مختلف علاقوں میں دس سے زائد کشتی حادثات پیش آئے، جن میں جاں بحق افراد میں اکثریت خواتین، بچوں اور بزرگوں کی ہے۔ جنوبی پنجاب ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان کے مطابق، تین لاکھ بیس ہزار افراد کے انخلا کے دوران یہ حادثات بڑی آفت کے مقابلے میں کم تعداد میں ہوئے ہیں۔

ادھر دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جس کے باعث پانی تو والی، خانو والی، بستی جام والا سمیت کئی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے۔ دریائے چناب میں ہیڈ پنجند پر بھی خطرناک حد تک پانی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے، جس کے نتیجے میں تحصیل علی پور، خیرپور سادات، بیٹ چنہ، مسن کوٹ بھوآ اور دیگر علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ مظفرگڑھ میں سیت پور شہر کے بیشتر علاقے ڈوب چکے ہیں جہاں خوراک اور ادویات کی شدید قلت ہے۔ سیلابی ریلے سے 150 کلومیٹر دریائی پٹی میں 145 مواضع متاثر، 1,20,000 ایکڑ فصلیں تباہ اور متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

مزید برآں، 34 اسکول غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیے گئے ہیں اور جانوروں کے چارے کی بھی قلت پیدا ہو چکی ہے۔ ملتان کے موضع گردیز پور سے ایک نوجوان محمد جعفر کی لاش برآمد ہوئی ہے، جو سیلابی پانی میں ڈوب گیا تھا۔ ریسکیو ٹیمیں دن رات متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں کر رہی ہیں تاہم متاثرین کو فوری امداد کی شدید ضرورت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version