news

خیبرپختونخواہ میں ای پنشن سسٹم کی منظوری، یکم جنوری 2026 سے نفاذ

Published

on

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے صوبے میں سرکاری ملازمین کے لیے ای پنشن سسٹم کی منظوری دے دی ہے، جو یکم جنوری 2026 سے نافذ العمل ہو گا۔ اس نظام کا مقصد پنشن کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنا کر شفاف، آسان اور وقت کے مطابق بنانا ہے۔ اس ضمن میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے “احساس ای پنشن سسٹم” کے لیے کانسپٹ پیپر تیار کر لیا ہے اور اس کی عملی شکل دینے کے لیے محکمہ خزانہ کو احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

نئے ای پنشن سسٹم کے تحت خیبرپختونخواہ سرکاری ملازمین اپنی ریٹائرمنٹ سے چھ ماہ قبل ایک سادہ ڈیجیٹل فارم بھر کر پنشن کا کیس پورٹل پر جمع کرا سکیں گے۔ اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر تمام ضروری دستاویزات محفوظ طریقے سے اسکین کر کے اپلوڈ کی جائیں گی، اور پورا عمل پیپر لیس ہوگا۔ نظام خودکار طور پر ٹائم باؤنڈ ٹاسکس تخلیق کرے گا، اور ہر مرحلے پر ڈیجیٹل منظوری دی جائے گی۔ سینکشن آرڈر، ریٹائرمنٹ آرڈر، پنشن پیپرز اور پنشن پیمنٹ آرڈر بھی خودکار طریقے سے تیار کیے جائیں گے، جن پر ڈیجیٹل دستخط ہوں گے جو قانونی طور پر قابل قبول ہوں گے۔

وزیراعلیٰ، چیف اور سیکرٹری خزانہ اس پورے نظام کو ایک ویب بیسڈ ڈیش بورڈ کے ذریعے مانیٹر کریں گے تاکہ ہر ریٹائرڈ ملازم کو مقررہ وقت کے اندر پنشن کی ادائیگی ممکن بنائی جا سکے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اس جدید نظام سے پنشنرز کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور انہیں وقت پر پنشن ان کے بینک اکاؤنٹ میں موصول ہو گی۔ نظام کو مؤثر اور پائیدار بنانے کے لیے متعلقہ قوانین میں ترامیم کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version