news
سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں
بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس 19 کے میزبان سلمان خان کو حالیہ دنوں میں جان سے مارنے کی نئی سنگین دھمکیاں موصول ہونے کے بعد شو کی سکیورٹی میں غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دھمکیاں مبینہ طور پر گینگسٹر لارنس بشنوئی سے تعلق رکھتی ہیں، جنہوں نے ماضی میں بھی سلمان خان کو متعدد بار قتل کی دھمکیاں دی ہیں۔
ان دھمکیوں کے پیش نظر بگ باس کے سیٹ پر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور خاص طور پر “ویک اینڈ کے وار” کے دوران سیٹ پر عام حاضرین کا داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جہاں شائقین عموماً سلمان خان کو براہِ راست دیکھنے آتے تھے۔
بگ باس کے سی ای او رشی نیگی نے اس صورتحال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شو کی سکیورٹی پچھلے ڈھائی سال سے مسلسل بڑھائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حالات میں تقریباً 600 سکیورٹی اہلکار تین مختلف شفٹوں میں 24 گھنٹے تعینات ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا خلل سے بروقت نمٹا جا سکے۔
یہ اقدامات نہ صرف سلمان خان کی ذاتی سلامتی بلکہ شو کی روانی اور نشر ہونے کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ سلمان خان کو اس سے پہلے بھی کئی بار جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا چکی ہیں، جس کی وجہ سے ان کی نجی سکیورٹی میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
فلمی اور ٹی وی انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے حلقے سلمان خان کی سکیورٹی پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں اور ان کے مداح بھی ان کی سلامتی کے لیے دعا گو ہیں