news
محسن نقوی کا موبائل سمز کا ڈیٹا لیک ہونے پر فوری نوٹس
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے موبائل سمز کا حساس ڈیٹا انٹرنیٹ پر لیک ہونے سے متعلق خبروں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی کی ہدایت پر نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی نے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے، جو اس معاملے کے ہر پہلو کا جائزہ لے گی اور ڈیٹا لیکج میں ملوث عناصر کی شناخت کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی۔ تحقیقاتی ٹیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 14 دن کے اندر اندر اپنی رپورٹ پیش کرے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیٹ پر موبائل سم مالکان کے ذاتی کوائف، جیسے کہ شناختی کارڈ کی نقول، ایڈریس، کال ریکارڈز اور بیرونِ ملک سفر کی تفصیلات سمیت دیگر حساس معلومات فروخت کی جا رہی ہیں۔ اس لیک شدہ ڈیٹا میں نہ صرف عام پاکستانی شہریوں بلکہ وفاقی وزراء، اہم حکومتی شخصیات اور اعلیٰ سرکاری افسران کی معلومات بھی شامل ہیں۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ گوگل سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر حکومتی اہلکاروں اور محسن نقوی سمیت دیگر اہم شخصیات کا ڈیٹا فروخت ہونے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں، جس پر سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔ وزارت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومتی دستاویزات اور عوام کے نجی ڈیٹا کی سیکیورٹی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ اس حساس مسئلے پر قابو پایا جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔