news

مریم نواز کا سیلاب متاثرین کیلئے بحالی پیکیج

Published

on

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری بحالی کے لیے جامع اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر آبی گزرگاہوں کو ریڈ زون قرار دینے اور ان سے تجاوزات کا خاتمہ کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ مستقبل میں سیلاب جیسے قدرتی آفات سے بچا جا سکے۔

لاہور میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مریم نواز نے “اپنی چھت، اپنا گھر” کے نام سے ایک نیا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت سیلاب سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کو فوری رہائش فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے متاثرین کی بحالی کے لیے ایک فوری اور مؤثر پیکیج طلب کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو امدادی رقوم بڑھانے، بحالی کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے اور ڈیجیٹل سروے مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں عارضی مارکیز قائم کی جائیں گی، جہاں متاثرہ خاندانوں کو موسم سرما سے قبل محفوظ پناہ گاہ، صاف پانی، خوراک، اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ مرد و خواتین کے لیے الگ الگ جگہیں مختص کی جائیں گی تاکہ ان کی عزت و وقار کا بھی خیال رکھا جا سکے۔

سیلاب زدہ کاشتکاروں کے لیے ایک علیحدہ بحالی پروگرام بھی ترتیب دیا جائے گا، جبکہ اربن یونٹ، بورڈ آف ریونیو اور دیگر محکمے بحالی پیکیج کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ وہ خود اس پیکیج کا اعلان کریں گی اور جب تک متاثرین کے گھر بحال نہیں ہو جاتے، وہ سکون سے نہیں بیٹھیں گی۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب میں سیلاب اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے ایک ماسٹر پلان کی اشد ضرورت ہے، تاکہ قلیل المدتی اور طویل المدتی پالیسیوں کے ذریعے آئندہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے گھر اجڑ گئے ہیں، ہم کیسے سکون سے بیٹھ سکتے ہیں؟ متاثرین کی توقعات ان سے وابستہ ہیں اور ان پر پورا اترنا ان کی ذمہ داری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version