news

مشی خان کا راتوں میں شہروں کی سڑکوں پر بے حیائی پر سخت ردعمل

Published

on

پاکستانی اداکارہ مشی خان نے ایک بار پھر معاشرتی بے راہ روی پر کھل کر اظہار خیال کرتے ہوئے شہروں میں رات کے وقت پھیلنے والی فحاشی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو بیان میں مشی خان نے کہا کہ رات کے پہر اگر کوئی راولپنڈی یا اسلام آباد کی سڑکوں پر نکلے تو منظر کسی “منی بنکاک” جیسا محسوس ہوتا ہے، جہاں برقع پوش خواتین، ٹرانس جینڈرز اور دیگر لوگ کھلے عام جنسی خدمات پیش کرتے نظر آتے ہیں۔

انہوں نے مساج پارلرز کا بھی ذکر کیا جہاں، ان کے مطابق، ماسک پہنے لڑکیاں مرد گاہکوں کو مخصوص “سروسز” فراہم کرتی ہیں، اور مرد حضرات بھی بغیر کسی خوف کے ان جگہوں پر جاتے ہیں۔ مشی خان کا ماننا ہے کہ یہ سرگرمیاں نہ صرف اخلاقی زوال کی علامت ہیں بلکہ معاشرے میں ایچ آئی وی سمیت دیگر مہلک بیماریوں کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ بھی بنتی جا رہی ہیں۔

اداکارہ نے سوال اٹھایا کہ آخر ان غیر قانونی اور غیر اخلاقی کاموں کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی کیوں نہیں کی جاتی؟ انہوں نے اداروں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم قدرتی آفات پر تو شور مچاتے ہیں، مگر ان سماجی برائیوں پر کوئی توجہ نہیں دیتے جو خود ہم پیدا کر رہے ہیں۔

اپنے پیغام کے اختتام پر مشی خان نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو منشیات، فحاشی اور پارٹی کلچر جیسے خطرات سے خبردار کریں، کیونکہ یہ مسئلہ صرف سڑکوں یا پارلرز تک محدود نہیں رہا بلکہ اب گھروں کے اندر بھی داخل ہو چکا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version