news
اعظم نذیر تارڑ ،حالیہ سیلاب میں 884 اموات، 9 ہزار گھر تباہ
اسلام آباد میں قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے ملک بھر میں حالیہ سیلاب اور شدید بارشوں سے ہونے والی تباہ کاریوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 884 افراد جاں بحق، 1180 زخمی، اور 9292 گھر مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جب کہ 6180 مویشی بھی سیلاب کی نذر ہوئے۔ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 20 لاکھ روپے جبکہ شدید زخمیوں کو 5 لاکھ اور معمولی زخمیوں کو 2 لاکھ روپے دیے جا رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے 69 کروڑ روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔ علاوہ ازیں، این ڈی ایم اے کو 1 ارب 30 کروڑ روپے دیے گئے تاکہ ہنگامی اقدامات اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری رکھی جا سکیں۔
وزیر قانون نے بتایا کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے بارشوں، سیلاب اور کلاؤڈ برسٹ سے متعلق 92 فیصد پیشگوئیاں درست ثابت ہوئیں، اس لیے عوام کو چاہیے کہ ان انتباہات پر عمل کرتے ہوئے خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں ایسی آفات کا سامنا پوری دنیا کر رہی ہے، اور پاکستان بھی اس سے محفوظ نہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ سیاست سے بالاتر ہو کر متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کی جائے، کیونکہ یہ وقت قومی اتحاد اور جذبے کا ہے، نہ کہ الزام تراشی کا۔