news
ڈی جی آئی ایس پی آر کا مری کے تعلیمی اداروں کا دورہ
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مری کے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی اور معلوماتی نشست میں شرکت کی۔ ان تعلیمی اداروں میں آرمی پبلک سکول، کونونٹ جیسس اینڈ میری، اور پریزنٹیشن کونونٹ شامل تھے۔ اس موقع پر طلبہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے براہ راست سوالات کیے اور ملکی دفاع، نوجوانوں کے کردار، اور قومی سلامتی سے متعلق مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔
طلبہ نے ایسی نشست کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وطن دشمن عناصر نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی جتنی بھی کوشش کریں، وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ “پاک فوج ہم سے ہے اور ہم پاک فوج سے ہیں”۔ انہوں نے پاک افواج سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی کے خلاف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کے خلاف ہم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اس معلوماتی نشست نے نوجوانوں کے دلوں میں حب الوطنی کے جذبے کو مزید مضبوط کیا اور پاک فوج کے عوام سے قریبی تعلق کو اُجاگر کیا۔ طلبہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی آمد اور رہنمائی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایسی تقاریب مستقبل میں بھی منعقد کی جائیں۔