news
فن لینڈ میں دنیا کی سب سے بڑی سینڈ بیٹری نصب
فن لینڈ نے قابلِ تجدید توانائی کے میدان میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے دنیا کی سب سے بڑی “سینڈ بیٹری” نصب کردی ہے۔ جنوبی فن لینڈ کے علاقے پورنینن میں قائم کی گئی یہ بیٹری 13 میٹر بلند ہے اور 100 میگا واٹ آور توانائی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو روزانہ تقریباً 10 ہزار گھروں کو توانائی فراہم کرنے کے لیے کافی ہے۔ یہ تھرمل اسٹوریج سسٹم فِنش کمپنی پولر نائٹ انرجی کی جانب سے تیار کیا گیا ہے اور یہ اضافی قابلِ تجدید توانائی کو مٹی کو گرم کر کے محفوظ رکھتا ہے۔ بیٹری کے اندر موجود مٹی 500 ڈگری سیلسیئس تک گرم کی جاتی ہے اور طویل وقت تک گرمی کو محفوظ رکھ سکتی ہے۔ جب گرڈ کو بجلی کی دوبارہ ضرورت ہوتی ہے تو یہ سینڈ بیٹری گرم ہوا خارج کرتی ہے، جس کے ذریعے مقامی ہیٹنگ نیٹ ورک میں پانی گرم کیا جاتا ہے۔ یہ گرم پانی گھروں، دفاتر، اسکولوں اور یہاں تک کہ سوئمنگ پولز میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ سسٹم پرانے ووڈ چِپ پاور پلانٹ کی جگہ نصب کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں علاقے میں کاربن اخراج میں 70 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے، جو کہ ایک قابلِ تقلید ماحولیاتی کامیابی ہے۔