news

جناح ہاؤس حملہ کیس: عمران خان کے بھانجے شیرشاہ کی ضمانت منظور

Published

on

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے صاحبزادے شیرشاہ کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مقدمے میں محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا، جس میں عدالت نے شیرشاہ کی درخواستِ ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم جاری کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ “ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے بچوں کی ضمانت ہو گئی ہے، لیکن ہمارے بچوں کو اس طرح سے اٹھایا ہی نہیں جانا چاہیے تھا۔” انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ “چاہے میری ساری فیملی کو اغواء کرلیں، میں جھکوں گا نہیں۔”

قبل ازیں عدالت نے علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شاہ ریز خان کی درخواست ضمانت بھی منظور کر لی تھی۔ جناح ہاؤس حملہ کیس عدالت میں دلائل دیتے ہوئے شاہ ریز کے وکیل رانا مدثر نے کہا کہ “ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں، نہ ہی اس کا نام چالان میں شامل ہے، اور واقعے کے وقت وہ چترال میں موجود تھے۔” ان کے بیان کی تصدیق مختلف افراد کے بیاناتِ حلفی سے بھی کی گئی۔

دوسری جانب سرکاری وکیل نے اعتراض کیا کہ “شاہ ریز کے دوستوں کی فیس بک تصاویر تو حاصل ہوئی ہیں، لیکن ان کی اپنی فیس بک پر کوئی تصویر موجود نہیں”، لہٰذا ضمانت مسترد کی جائے۔ تاہم عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں شاہ ریز کی بھی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کر لی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version